27 جنوری 2015 - 08:47
ایران اور پرتگال کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

پرتگال کے وزیرخارجہ رویی ماشاتہ نے اپنے دورۂ تہران میں ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پیر کے روز ہونے والی اس ملاقات میں ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے تہران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے لزبن کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کا تعاون ماضی سے کہیں زیادہ فروغ پاسکتا ہے- محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران و پرتگال، اقتصادی توانائی کے کافی ذرائع رکھتے ہیں اور دونوں ملکوں کے نجی شعبے، اس تعاون میں انجن کا کام کرسکتے ہیں- ایران کے وزیرخارجہ نے اسی طرح تہران کے پرامن جوہری پروگرام کے سلسلے میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کی حمایت اور پابندیوں اور دباؤ کی مخالفت پر مبنی یورپ کے موجودہ رویّے کو مثبت قرار دیا- انھوں نے کہا کہ یورپ، جوہری مذاکرات میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے- اس ملاقات میں پرتگال کے وزیرخارجہ رویی ماشاتہ نے بھی ایران کو مشرق وسطی کے علاقے کا ایک بااثر ترین ملک قرار دیا جو علاقائی امن و استحکام میں موثر کردار ادا کرستا ہے- انھوں نے اسی طرح پرامن جوہری ٹیکنالوجی کے حصول کو ایران کا قانونی حق قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲